کامران ٹیسوری پارٹی تقسیم کا باعث ہے: خالد مقبول صدیقی
کراچی(نیوز وی او سی آن لائن) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کامران ٹیسوری متنازع ہوکر تنظیم کی تقسیم کا باعث بن رہا ہے، 2،2 یوم تاسیس منائے جارہے ہیں، تاریخ کسی کو تو گناہ گار ٹھہرائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے 34 ویں یوم تاسیس کے موقع پر خالد مقبول صدیقی کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہناتھا کہ مجھے قیادت کرنے کی کوئی خواہش نہیں ہے، میں پارٹی کے قیادت کے لائق بھی نہیں ہوں،آج بھی فاروق ستار بھائی سے کہتا ہوں کہ میری کنوینر شپ امانت ہے مجھ سے لے جائیں، تنظیم ابھی کہہ دے تو کنوینر شپ چھوڑ کر پچھلی صف میں بیٹھ جاؤں گا۔انہوں نے کہاکہ کامران ٹیسوری متنازع ہوچکا ہے اور تنظیم کی تقسیم کا باعث بن رہا ہے، میں نے فاروق ستار سے کہا تھا کہ کامران ٹیسوری میں اور آپ عہدے چھوڑ دیتے ہیں، فاروق ستار مجھے بھی موقع دیں درجن ٹیسوری میں بھی ڈھونڈ لوں گا جبکہ آئندہ الیکشن میں امیدوار معیار کے مطابق لایا جائے گا، ٹکٹ دینے کا اختیار رابطہ کمیٹی کے پاس ہے کسی فرد کے پاس نہیں۔