عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے دل بڑا کر کے ہماری حمایت کی، وزیراعلیٰ بلوچستان
اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی سینیٹ کی 13 نشستیں وزیر اعلیٰ بلوچستان کو دینے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ سینیٹ کا چیئرمین بلوچستان سے ہونا چاہیے۔
اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کا چیئرمین بلوچستان سے ہونا چاہیے، اس حوالے سے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنی سینیٹ کی 13 سیٹیں وزیراعلیٰ بلوچستان کے حوالے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کی کوشش ہونی چاہیے کہ سینیٹ کا چیئرمین (ن) لیگ سے نہ ہو کیوں کہ (ن) لیگ والے جمہوریت کے نام پر لوٹنے والے لوگ ہیں یہ نوازشریف کوکرپشن کرنے کی اجازت دینے کا قانون بنانے کی کوشش کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ جب سے پاناما کیس سامنے آیا ہے (ن) لیگ والے نواز شریف کی چوری بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ ہر اس ادارے پر حملہ کر رہے ہیں جو ان کا غلام نہیں، یہ کبھی فوج پر حملہ کرتے ہیں تو کبھی سپریم کورٹ پر، یہ جمہوری رویہ نہیں ہے ۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے دل بڑا کرکے ہماری حمایت کا اعلان کیا، چند گھنٹوں بعد آصف زرداری ہم سے ملنے آرہے ہیں، آصف زرداری کو قائل کریں گے کہ چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے ہو۔
عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا کہ حاصل بزنجو کو ہم اب بھی نواز شریف کی ٹیم میں سمجھتے ہیں اور انہیں دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہماری ٹیم میں آجائیں۔