مدارس میں پڑھنے والے 25لاکھ سے زائد بچے ریاستی وسائل پر حق رکھتے ہیں ،عمران خان
پشاور: خیبر پختونخوا کی حکومتی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے صوبائی حکومت کو مدارس اور طلبہ پر وسائل خرچ کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی جس میں وزیر اعلیٰ نے پختونخوا میں مدارس کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے حوالے سے پختونخوا حکومت کے اقدامات پر مفصل بریفنگ دی جب کہ پختونخوا حکومت کی جانب سے مولانا سمیع الحق کے مدرسے کو فراہم کی جانے والی امداد کے بارے میں بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلی پرویز خٹک نے مدرسہ حقانیہ کی مالی امداد کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت نے جامعہ حقانیہ کو پیسے کی بجائے انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں معاونت فراہم کی اب بھی جامع حقانیہ کو نقدی کی صورت میں مالیات فراہم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
ملاقات میں عمران خان نے وزیر اعلیٰ کو مدارس اور طلبہ پر وسائل خرچ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مدارس میں پڑھنے والے 25 لاکھ سے زائد بچے ریاستی وسائل پر حق رکھتے ہیں اب وقت آگیا ہے کہ تعلیمی نظام میں مدارس کے بچوں کو معقول جگہ اور مقام دیا جائے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ غریب عوام اور ان کے بچوں کے بارے میں حکومتیں مجرمانہ طرز عمل کا اظہار کر رہی ہے جب کہ پختونخوا حکومت کی جانب سے مدارس کی قومی دھارے میں شمولیت کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات قابل تحسین ہیں، اس حوالے سے صوبائی حکومت ایک جامع اور مربوط حکمت عملی کے تحت دینی مدارس اور طالبہ پر وسائل صرف کرے۔