نوازشریف اصلاحات نہیں اپنی عدلیہ چاہتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری
میاں صاحب ملک اور عوام سے مذاق بند کریں، چیئرمین پیپلزپارٹی ۔ فوٹو: فائل
لاہور: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نوازشریف عدالتی اصلاحات نہیں بلکہ اپنی عدلیہ چاہتے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نوازشریف اب بھی چاہتے ہیں کہ ماضی کی طرح عدلیہ کو ڈکٹیٹ کریں کہ کیا فیصلہ ہونا چاہیے، وہ پارلیمنٹ کو متنازع بنانا اور عدلیہ سے لڑائی کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے نوازشریف کی عدالتی اصلاحات کی خواہش کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب ملک اور عوام سے مذاق بند کریں، نوازشریف 3 بار وزیراعظم بنے آج بھی مرکز میں ان کی حکومت ہے مگر وہ اپوزیشن لیڈر کی طرح بول رہے ہیں، وہ رونا دھونا بند کریں اور کام کریں۔
بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ آئین سپریم اور پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے، یہ مناسب نہیں کہ اس وقت ایسے بیانات دیئے جائیں کہ پارلیمنٹ میں قانون پاس ہونے سے پہلے کہیں کہ ہم اسے ختم کرسکتے ہیں۔