ماہرہ خان بھی جاوید شیخ کی حمائت میں بول پڑیں
پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیو کے حوالے سے جاوید شیخ کی حمایت میں سامنے آگئیں۔
لاہور ایکسپوسینٹر میں لکس اسٹائل ایوارڈ 2018ء کی تقریب ہوئی،جس میں فلم اور شوبزسے تعلق رکھنے والی بڑی شخصیات نے شرکت کی ۔
اس موقع پر ایک تنازع کھڑا ہوگیا ،سوشل میڈیا پر جاوید شیخ اور ماہرہ خان کی ایک ویڈیو زیر گردش ہے،جب ماہرہ خان کو فلم ’ ورنہ ‘ کے لئے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ وصول کرنے کے لئے اسٹیج پر بلایا ۔
اس وقت پاکستان کے لیجنڈ اداکار جاوید شیخ اور اداکارہ ماورا حسین بھی ایوارڈ دینے کے لئے اسٹیج پر موجود تھیں،ماہرہ خان اسٹیج پر پہنچیں اور وہاں پہلے سے موجود اداکارہ ماورہ حسین سے گلے ملیں اور خواتین کے روایتی انداز میں دونوں نے ایک دوسرے کو بوسہ دیا۔
اس کے بعد ماہرہ خان جاوید شیخ کی جانب بڑھیں اور ان سے مصافحہ کیا تاہم جاوید شیخ نے ماہرہ کو بوسہ لینے کی کوشش کی لیکن چونکہ ماہرہ کا دھیان ماورہ حسین کی جانب تھا لہٰذا انہیں اس کی خبر نہ ہوئی اور وہ ایوارڈ وصول کرنے کے لیے ماورہ کی جانب بڑھ گئیں۔
جاوید شیخ کی جانب سے ماہرہ خان کا بوسہ لینے کی کوشش کو چند کیمروں کی آنکھ نے محفوظ کیا اور چند سیکنڈ کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیل گئی۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جاوید شیخ پر سماجی رابطوں پر خود تنقید کی جارہی ہے تاہم جب ماہرہ خان کو علم ہوا کہ سوشل میڈیا پر ان کی اور جاوید شیخ کی ویڈیو کو غلط رنگ دے کر پیش کیا جارہا ہے تو وہ خاموش نہ رہ سکیں۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں ماہرہ خان نے لیجنڈری اداکار جاوید شیخ کی حمایت کی اور کہا کہ جاوید شیخ ان سمیت پوری شوبز انڈسٹری کے لیے استاد کا درجہ رکھتے ہیں۔
ماہرہ خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’’میں جیسے ہی جاگی تو عجیب و غریب خبریں گردش کرتی پائیں، چیزوں سے باعلم رہنا اور اپنا تجزیہ رکھنا اچھی چیز ہے لیکن خدا کے لیے ہر چیز کو خبر بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے‘‘۔
ماہر ہ نے کہا کہ جاوید شیخ ایک لیجنڈ اور انڈسٹری کے لوگوں کے لیے استاد کا درجہ رکھتے ہیں اور میں ہمیشہ ان کے اعلیٰ کردار کی گواہی دوں گی۔