ٹھٹھہ:بجلی کی لوڈ شیڈنگ، فراہمی آب اور کاروباری سرگرمیاں متاثر
ٹھٹھہ شہر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام مشکلات سے دوچار، فراہمی آب اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں ٹھٹھہ اور اس کے مضافات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ ہوگیا ہے۔
حیسکو کی جانب سے روزانہ دس سے بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، جبکہ تمام دن بجلی کی آنکھ مچولی اور کم وولٹیج کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث جہاں فراہمی آب کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے تو وہیں بجلی سے چلنے والی صنعتیں اور کاروبار شدید متاثر ہوگیا ہے۔
شہریوں نے حیسکو کے رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ دن بھر بجلی کی آنکھ مچولی کے بعد رات بھر بجلی غائب رہتی ہے، فراہمی آب کے مقررہ اوقات میں بجلی نہ ہونے کے باعث پانی کی فراہمی شدید متاثر ہو رہی ہے اور مجبورآ گدھا گاڑی اور ٹینکر والوں سے پانی خرید رہے ہیں۔
انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیا جائے بصورت دیگر شدید احتجاج کریں گے۔