ڈی جی خان میں آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، آئی ایس پی آر
راولپنڈی: ڈیرہ غازی خان میں آپریشن رد الفساد کے دوران انٹیلی جنس اطلاعات پر کی گئی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 رینجرز اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر میں دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے آپریشن ردالفساد جاری ہے اور اسی سلسلے کی کڑی میں ڈیرہ غازی خان میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن کیا گیا جس میں حساس اداروں کے ساتھ پنجاب رینجرز اور ایلیٹ پولیس فورس نے حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک جب کہ پنجاب رینجرز کے دو اہلکار زخمی ہو گئے۔
آپریشن میں دہشت گردوں کی ہلاکت کے علاوہ بھاری تعداد میں اسلحہ و بارود برآمد بھی کیا گیا ہے جسے ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں استعمال کیا جانا تھا تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی سے دہشت گردوں کی سازش کو ناکام بنادیا گیا۔ برآمد کئے گئے اسلحے و بارودی مواد میں تیار آئی ای ڈی، راکٹ لانچر ،اے کے 47 گن اور دستی بم سمیت دیگر سامان بھی شامل ہے۔
ملک سے دہشت گردی کے کینسر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے سابق آرمی چیف راحیل شریف کی جانب سے شروع کیے گئے آپریشن ضرب عضب کے تسلسل میں موجودہ آرمی چیف قمر باجوہ نے آپریشن رد الفساد کا آغاز کیا تھا جس کے دوران اب تک سیکڑوں دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جا چکا ہے اور بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود بھی تحویل میں لیا گیا جس کے ثمرات ملک میں قائم امن و امان کی صورت میں سامنے آئے ہیں۔