داعش کے برطانوی جنگجوؤں میں سے 100 کی واپسی کا خدشہ
عراق اور شام میں شکست سے دوچار داعش کے برطانوی جنگجوؤں میں سے ایک سو کے قریب برطانیہ میں واپس داخل ہونے کی کوشش کر سکتے ہیں، یہ بات برطانیہ کی انسداد دہشت گردی فورس کے ایک سینئر افسر نے کہی ہے۔
برطانوی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی اسسٹنٹ کمشنر نیل باسو نے یہ بھی کہا کہ وہ برطانوی داعش جنگجو جو برطانیہ چھوڑ کر عراق اور شام گئے تھے اُن میں سے 200 کی برطانوی شہریت ختم کر دی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سیکورٹی سروسز نے واپس آنے کی کوشش کرنے والے برطانوی داعش جنگجوؤں کو روکنے کی مکمل تیاری کر لی گئی ہے، گزشتہ برس بھی داعش میں شامل ہونے کے لیے جانے والے افراد میں سے 150 کی برطانوی شہریت ختم کر دی گئی تھی۔
برطانوی حکومت کے مطابق شام جانے والے برطانوی شہریوں کی تعداد 850 سے زیادہ ہے جس میں سے آدھے سے زیادہ برطانیہ واپس آچکے ہیں اور کوئی 15 فیصد ہلاک ہو چکے ہیں۔