پاکستان

وزیراعظم کا سٹیل ملز کی بحالی کا حکم، پی آئی اے میں تنظیم نو کی بھی منظوری

اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی اور ملازمین کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری طور پر جامع پلان بنانے کی ہدایت کردی ساتھ ہی پی آئی اے کی تنظیم نو کی منظوری بھی دے دی۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت نجکاری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر دانیال عزیز نے کمیٹی کو پی آئی اے اور پاکستان سٹیل ملز سے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں پی آئی اے اور پاکستان سٹیل ملز بدانتظامی اور نظر انداز کرنے سے مالی بحران کا شکا ر ہوئے، دونوں اداروں کی بدانتظامی سے ملازمین کی مشکلات اور قرضوں میں اضافہ ہوا۔
اجلاس میں وزیر اعظم نے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی اور ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے فوری جامع پلان بنانے کی ہدایت دی جب کہ کابینہ کمیٹی نجکاری نے تفصیلی بحث کے بعد پی آئی اے میں تنظیم نو کی منظوری دی اور پی آئی اے کے اہم اور غیر اہم شعبوں کو علیحدہ کرنے کافیصلہ بھی کیا۔
اجلاس کے بعد وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کا میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ کابینہ کمیٹی نے دونوں اداروں کے پلان منظور کر لئے ہیں اور ان دنوں اداروں کے ملازمین کا خصوصی خیال رکھا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو نجکاری کیلئے دو حصوں میں تقسیم کیا جائے گا جسمیں کور اور نان کور بزنس الگ الگ کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ کور بزنس کے49 فیصد حصص انتظامی قبضے کے ساتھ فروخت کئے جائیں گے اور پی آئی اے کے ذمے تین سو ارب روپے سے زائد کے بقایا جات غیر کور کمپنی کو منتقل کئے جائیں گے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسٹیل ملز کو 30 سال لیز پر دیا جائے گا جبکہ اسٹیل ملز کے ذمے180 ارب روپے سے زائد کے بقایا جات بھی حکومت اپنے کھاتے میں رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ دونوں اداروں کے ملازمین رضاکارانہ علحدیگی کی اسکیم کی سہولت دی جائے گی جبکہ اسٹیل ملز کے ملازمین کے بقایا جات بھی ادا کئے جائیں گے۔
خیال رہے کہ نجکاری بورڈ پہلے ہی نجکاری کے پلان کی منظوری دے چکا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button