کویت میں مقیم 2200 فلپائنی تارکین ملک واپسی کے لیے تیار
منیلا (این این آئی)کویت میں مقیم 2200 سے زیادہ فلپائنی تارکینِ وطن صدر روڈریگو ڈیوٹرٹ کی پیش کش پر وطن واپسی کے لیے تیار ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلپائن کے وزیر محنت سلویسٹر بیلو سوم نے بتایا کہ ہمیں مطلع کیا گیا تھا کہ کویت میں مقیم 2200 سے زیادہ فلپائنی وطن واپسی پر آمادہ ہیں۔ان میں بعض کے ویزوں کی میعاد ختم ہوچکی ہے اور انھوں نے استثنا کی درخواست کی ہے۔بیلو کا کہنا تھا کہ ان دونوں فضائی کمپنیوں نے کویت سے فلپائنی ورکروں کی مفت واپسی کے لیے چارٹر پروازوں کا بندوبست کیا ہے اور قریباً 500 فلپائنی ورکروں کی جلد منیلا واپسی متوقع ہے۔ان کے بقول حکومت واپس آنے والے تارکینِ وطن کو روزگار دلانے کے لیے اقدامات کرے گی اور انھیں روزمرہ کا خرچہ مہیا کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ فلپائنی صدر نے کویت میں اپنے ملک کی ایک تارکِ وطن ملازمہ کی پْراسرار موت کے بعد وہاں کام کرنے والے فلپائنی شہریوں کو واپس بلانے کا اعلان کردیا تھا اور ملک کی2 نجی فضائی کمپنیوں فلپائن ائیر لائنز اور سیبی پیسیفک سے ان تارکینِ وطن کو 72 گھنٹے میں واپس لانے کی ہدایت کی تھی۔