ینیٹ کے انتخابات میں دھاندلی کا امکان ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ سینیٹ انتخابات میں دھاندلی کا واضح امکان ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میں نے خاص طور پر کابینہ اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاسوں میں کہا ہے کہ قانون اور آئین میں کوئی گنجائش ہے نہ اس بات کی ضرورت ہے کہ سیاستدان فوج اور عدلیہ کے حوالہ سے کوئی بیانات دیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے الیکشن میں دھاندلی کا امکان ہے، میں ذاتی طور پر کابینہ اور پارٹی سے بھی بات کروں گا، ہم ان لوگوں کو جو نیم اور شیم ہیں ان کے نام لے کر کہیں گے کہ یہ لوگ منتخب ہوئے ہیں، ان کو صوبائی اسمبلیوں میں کوئی سیاسی پشت پناہی حاصل نہیں تھی یہ کیسے منتخب ہوئے ہیں یہ اس کا حساب دیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ سول ملٹری تعلقات منظم انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، وزیراعظم کی نامزدگی کا فیصلہ الیکشن کا نتیجہ آنے کے بعد ہوگا، عدالت اجازت دے تو جنرل مشرف کو واپس لایا جا سکتا ہے جب کہ راؤ انوار کو پکڑا جانا چاہیے۔
دوسری جانب وزیرمملکت برائے قومی غذائی تحفظ ایاز علی شاہ شیرازی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ وفاقی حکومت گنے کے کاشت کاروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے تاہم گنے کی خرید اور مقررہ نرخوں کی ادائیگی کو یقینی بنانا صوبائی حکومتوں کے دائرہ کار میں آتا ہے، صوبے اس ضمن میں اپنی ذمے داریاں پوری کریں۔
وفاقی حکومت اور وفاقی کابینہ نے کاشت کاروں کو درپیش مسائل پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبوں کو واضح ہدایت کی ہے کہ وہ اس ضمن میں اپنی ذمے داریاں پوری کریں، ملاقات کے دوران صوبہ سندھ میں گنے کے کاشت کاروں کو فصل کی خرید اور مقررہ نرخوں پر ادائیگیوں کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا۔