انٹرنیشنل

مالدیپ بحران، صدر عبداللہ یامین نے چین ، پاکستان اور سعودی عرب کو اعتماد میں لینے کیلئے وزرا روانہ کردیے

مالی (نیوز وی او سی آن لائن) مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین نے ملک میں جاری بحران کے نتیجے میں ممکنہ بھارتی مداخلت اور جارحیت کے آگے بند باندھنے کیلئے پاکستان، چین اور سعودی عرب کیلئے اپنے وزرا روانہ کردیے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ اور چیف جسٹس کی گرفتاری کے بعد حزب اختلاف کے رہنماﺅں نے بھارت کو مداخلت کی دعوت دی تھی۔ مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین نے معاشی ترقی کے وزیر محمد سعید کو چین، وزیر خارجہ محمد عاصم کو پاکستان اور زراعت و فشریز کے وزیر محمد شینی کو سعودی عرب بھیجا ہے ۔ تینوں وزرا اپنے دوست ممالک کو مالدیپ کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کریں گے اور اس پر اعتماد میں لیں گے۔
مالدیپ کے جلا وطن رہنما نشید نے ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ، چیف جسٹس سمیت سپریم کورٹ کے دیگر ججوں کی گرفتاری پر بھارت سے فوجی مداخلت کی درخواست کی ہے ۔ بھارت نے مالدیپ میں1988 میں براہ راست فوجی مداخلت کی تھی تاہم اس کے بعد بھارت نے مالدیپ کی غیر یقینی سیاسی صورتحال میں کبھی براہ راست مداخلت نہیں کی۔ بھارتی تجزیہ کاروں نے مشورہ دیا ہے کہ پہلے سفارتی طور پر مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی جائے اس کے بعد یمن پر معاشی پابندیاں لگائی جائیں اور پھر فوج بھیجی جائے۔ دوسری جانب چین نے بھارت کو مالدیپ میں کسی بھی فوجی مداخلت سے باز رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت اور مالدیپ میں طویل المدتی تعلقات ہیں تاہم ان میں دراڑ اس وقت پڑنا شروع ہوئی جب مالدیپ نے چین کے ساتھ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں شمولیت اختیار کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button