لیبیا میں حادثے کے شکار افراد کو بھجوانے والا گروہ گرفتار
ایف آئی اے نے لیبیا میں کشتی حادثے کے مرکزی ملزم کو گجرات سے ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔ ملزم کا بھائی لیبیا میں اور بیٹا اٹلی میں بیٹھ کر انسانی اسمگلنگ کا نیٹ ورک چلا رہے تھے ۔
دفتر خارجہ کے مطابق لیبیا میں حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں 32 پاکستانی تھے ، 13 کی لاشیں مل گئیں۔ چار پاکستانیوں کی شناخت اب تک نہیں ہوسکی، جبکہ میتوں کو واپس لانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں ، جاں بحق شہریوں سے متعلق معلومات وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالا کے مطابق ملزمان میں محبوب شاہ اور اس کا ساتھی مدثر شامل ہیں ۔ محبوب شاہ دربار بابا فقیر شاہ کا گدی نشین بھی ہے ۔
محبوب شاہ کا بھائی لیبیا اور بیٹا اٹلی میں مقیم ہے ۔ ملزم اپنے بھائی اور بیٹے کے ساتھ مل کر انسانی اسمگلنگ کا نیٹ ورک چلاتا ہے ۔ ملزم لوگوں کو پہلے لیبیا میں اپنے بھائی کاکے شاہ کے پاس بھیجتا تھا جو انہیں سمندر کے راستے اٹلی میں محبوب شاہ کے بیٹے سجاد شاہ کے پاس پہنچاتا تھا ۔