دوسرے ون ڈے میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو شکست دے دی
ٹیسٹ سیریز میں ناکامی کے بعد بھارتی ٹیم ون ڈے میچز میں پلٹ کر وار کررہی ہے۔ سنچورین کے دوسرے ایک روزہ میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو با آسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بھارت نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
میزبان سائیڈ صرف 118 رنز پر چت ہوگئی، اوپنرز ہاشم آملہ اور کوائنٹن ڈی کاک نے جنوبی افریقا کو 39 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ جس کے بعد بیٹسمین یکے بعد دیگرے آتے اور جاتے رہے۔ ابتدائی پانچ کھلاڑی صرف 99 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ نے 23، کوائنٹن ڈی کاک نے 20، کپتان ایڈن مارکرام نے آٹھ، جے پی ڈومینی نے 25، کھایا زونڈو نے 25، کرس مورس نے 14، کاگیسو ربادا اور مورنے مورکل نے ایک، ایک جبکہ ڈیوڈ ملر اور عمران طاہر کوئی رن نہ بنا سکے۔
بھارت کی جانب سے لیگ اسپنر یزویندر چاہل نے22 رنز کے عوض 5، کلدیپ یادو نے 3، بھونیشور کمار اور بمراہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بھارت نے 119رنز کا آسان ہدف 20 اشاریہ 3اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔
بھارت کی جانب سے شیکھر دھون 51 اور ویرات کوہلی46 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ روہت شرما 15رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے واحد وکٹ کاگیسو ربادا نے حا صل کی۔ چاہل کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ چھ میچز کی سیریز میں بھارت کو دو صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ تیسرا میچ 7 فروری کو کیپ ٹائون میں کھیلا جائے گا۔