کے پی کے

عاصمہ رانی قتل کیس، مرکزی ملزم کا قریبی دوست گرفتار

کوہاٹ (نیوز وی او سی آن لائن) پولیس نے کوہاٹ کے علاقے کے ڈی اے میں کارروائی کرتے ہوئے عاصمہ رانی قتل کیس کے مرکزی ملزم مجاہداللہ آفریدی کے قریبی دوست شاہزیب کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ملزم اپنے دوست کیلئے عاصمہ رانی کی جاسوسی کیا کرتا تھا جبکہ واردات کے بعد اس نے ملزم کو بیرون ملک فرار میں بھی مدد فراہم کی۔
پولیس کے مطابق عاصمہ رانی قتل کیس کے مرکزی ملزم مجاہد اللہ کاقریبی دوست شاہ زیب گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزم شاہ زیب کوہاٹ کے علاقے کے ڈی اے میں رہتا ہے جبکہ عاصمہ رانی کا قتل بھی کوہاٹ میں ہی ہوا ہے۔ ملزم شاہ زیب مقتولہ عاصمہ پر نظر رکھتا تھا اور اس کی جاسوسی کرکے اس سے متعلق معلومات مرکزی ملزم مجاہد کو دیتاتھا۔عاصمہ رانی کے قتل والے دن ملزم شاہ زیب مجاہد کے ساتھ تھا ، واردات کے بعد شاہزیب نے ہی مرکزی ملزم کو بیرون ملک فرار ہونے میں مدد فراہم کی۔دوسری جانب عاصمہ رانی کے قتل کے وقت مرکزی ملزم مجاہد اللہ کے ساتھ آنے والے ملزم صادق کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے اور اس کی نشاندہی پر آلہ قتل برآمد کرلیاگیا ہے۔
واضح رہے کہ ایبٹ آباد میڈیکل کالج کی تھرڈ ائیر کی طالبہ عاصمہ چھٹیوں پر کوہاٹ آئی تھی جہاں اسے 27 جنوری کو اس وقت اسے گولیوں سے نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی بھابھی کے ساتھ رکشہ پر گھر پہنچی تھی ۔ عاصمہ کے گھر پہنچنے سے قبل ہی ملزم مجاہد اپنے ساتھی صادق کے ساتھ گھر کے باہر موجود تھا جس نے موقع پر ہی فائرنگ کردی ، عاصمہ کو تین گولیاں لگیں جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔میڈیکل کی طالبہ کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ ایک روز بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔عاصمہ کی جانب سے ہسپتال میں دیے گئے بیان میں کہا گیا کہ اس پر فائرنگ کرنے والا مجاہد آفریدی تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button