کراچی میں مختلف کارروائیاں،10 ملزمان گرفتار
کراچی کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس نے کارروائی کرکے گینگ وار کارندے اور خاتون ڈکیت سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
شیرشاہ میں 7 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والے شخص کو علاقہ مکین نے پکڑ لیا اور تشدد کرنے کے بعد ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس کے مطابق 70 سالہ گرفتار ملزم متاثرہ بچی کا پڑوسی ہے اور والدین کی شکایت پر ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔
دوسری جانب لیاقت آباد سپرمارکیٹ کے قریب پولیس نے کارروائی کرکے خاتون ڈکیت اور 3 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان بینک سے رقم لے کر نکلنے والوں کو لوٹنے سمیت گھروں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیںجبکہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔
نیو کراچی 4 کے چورنگی کے قریب پولیس نے کارروائی کرکے 4 ڈکیت کو گرفتار کرکے اسلحہ،کیمرہ، اے ٹی ایم کارڈ، شناختی کارڈ اور موٹرسائیکل برآمد کرلی،یہ ملزمان نیوکراچی سمیت مختلف علاقوں میں لوٹ مار کرتے تھے۔
ادھر بلدیہ ٹاون کے علاقے گلشن مزدور میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کارروائی کرکے لیاری گینگ وار زاہد لاڈلہ گروپ کا اہم کمانڈر راشد بلوچ عرف چکنا کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم راشد کلاکوٹ پولیس لائن اور جمن شاہ پلاٹ پر ہونے والے دستی بم حملوں میں ملوث ہونے کے ساتھ قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا ۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے چھت سے کود گیا تھا جس سے اس کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں ہیں۔