ایم ڈی پی ٹی وی تقرری کیس؛ پرویز رشید سے جواب طلب
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ایم ڈی پی ٹی وی تقرری کیس میں سابق وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید اور وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے ایم ڈی پی ٹی وی عطاء الحق قاسمی کی تقرری کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عطاء الحق قاسمی کو دو سال میں27کروڑ روپے دیئے گئے، پھر کہتے ہیں عدلیہ متحرک نہ ہو، کیا اس طرح کا پیکیج عطاء الحق قاسمی کو دیا جا سکتا تھا، مجھے تو یہ سارا قصہ ہی ڈرامہ لگ رہا ہے، کیوں نہ سابق وزیراعظم کو سمری منظور کرنے پر نوٹس جاری کر دیں۔
سیکرٹری اطلاعات احمد نواز سکھیرا نے دوران سماعت عدالت کے استفسار پر کہا کہ میرے خیال سے یہ تقرری مناسب نہیں تھی، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ عطاء الحق قاسمی کی تقرری کو غیر قانونی کیوں نہیں کہتے۔ یہ غریبوں کے ٹیکس کا پیسہ تھا، رقم دینے اور لینے والے رقم واپسی کے ذمہ دار ہوں گے، ہم عطاء الحق قاسمی سے وصول کریں گے۔
عدالت نے سابق وفاقی وزیر پرویز رشید، وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد، عطاء الحق قاسمی، صبا محسن اور سابق سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ندیم حسن آصف سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیے، آئندہ کیس کی سماعت12فروری کو ہوگی۔