پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیاجائے:بلاول بھٹوزرداری
کراچی (نیوز وی او سی آن لائن)پاکستا ن پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹوزرداری کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام پرپیٹرول بم گرا کر ان سے بدلا لیا جا رہا ہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیاجائے۔
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات میں آج سے کئے گئے اضافے پر رد عمل دیتے ہوئے بلاول بھٹوکا کہنا تھا کہ عوام کامعاشی قتل کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائےگا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ظالمانہ اضافے ا ورمہنگائی کے خلا ف سینہ سپرہے،مسلم لیگ ن کے معاشی حملے کا ہرفورم پرمقابلہ کریں گے۔
خیال رہے حکومت نے غربت سے ستائی عوام پر ایک اور ظلم کرتے ہوئے پیڑولیم مصنوعات میں یکم فروری سے اضافہ کرد یا ہے جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 98 پیسے ، ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 92 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 94 پسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مٹی کا تیل 70 روپے 26 پیسے فی لٹیر، لائٹ ڈیزل 64 روپے 30 پیسے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل 95 روپے 83 پیسے اور پٹرول کی نئی قیمت بڑھ کر 84 روپے 51 فی لٹیر ہو گئی ہے۔