پاکستان

عمران خان اور شیخ رشید سازشی عناصر کے آلہ کار ہیں، رانا ثنااللہ

لاہور: پنجاب کے وزیرِ قانون رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان اور شیخ رشید سازشی عناصر کے آلہ کار ہیں ان دونوں کو مشورہ ہے کہ درست سیاست کی طرف آجائیں۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ لاہور جلسے میں پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں پر خالی کرسیوں اور 21 کروڑ عوام کی لعنت پڑی اور نوازشریف کو روکنے کے لئے غیرجمہوری ہتھکنڈے ناکام ہوگئے۔ ایک سازش کے تحت نوازشریف کو روکنے کی کوشش کی گئی تاکہ ملک کو پیچھے دھکیلا جاسکے، یہ کوشش پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت کو کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے اور ہمیں سازشی عناصر کے آلہ کار نظر آرہے ہیں، عمران خان اور شیخ رشید سازشی عناصر کے آلہ کار ہیں انہیں مشورہ دیتا ہوں کہ اب درست اور صاف ستھری سیاست کریں کیوں لعنتیں بھیجنے اور سازشیں کرنے کا زمانہ گزر گیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے زینب کے قاتل کی نشاندہی کرنے والے کے لئے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا تھا اب یہ رقم زینب قتل کیس میں اچھی کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں میں تقسیم کی جائے گی، خیبر پختونخوا میں اسما کیس کی تحقیقات کے لئے بھی پنجاب حکومت نے ہرممکن تعاون کی پیشکش کی ہے اور پنجاب فرانزک لیب کی جانب سے بھی ہرطرح کا تعاون کیا جارہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button