انٹرنیشنل

مقبوضہ کشمیر، پرامن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ، 2 نوجوان شہید

سری نگر بھارتی فوجیوں نے ہفتے کو ضلع شوپیاں میں پرامن مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کرکے 2 معصوم شہریوں کو شہید کردیا۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ہفتے کو ضلع شوپیاں کے علاقے گنو پورہ میں پرامن مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کرکے 2 معصوم شہریوں کو شہید جب کہ متعدد کو زخمی کردیا۔ مظاہرین حال ہی میں بھارتی فورسزکے ہاتھوں 3 نوجوانوں کی شہادت پر احتجاج کر رہے تھے، بھارتی فوجیوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی تاہم شدید زخمی 2 نوجوانوں جاوید احمد بٹ اور سہیل احمد خان کو اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ضلع شوپیاں میں پہلے ہی 3 نوجوانوں کی شہادت پر ہفتے کو چوتھے روز بھی مکمل ہڑتال تھی، معصوم شہریوں کے قتل عام میں تیزی کے خلاف سید علی گیلانی ، میرواعظ عمرفاروق اور یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے آج (اتوار کو) مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔
دریں اثنا برطانوی دارالحکومت میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرے پر بھارتی شرپسندوں نے دھاوا بول دیا تاہم پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر صورت حال کو کنٹرول کیا، دونوں طرف سے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی جبکہ بھارتی فوجیوں نے ضلع اسلام آباد کے علاقے ککر ناگ میں ہفتے کے روز محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کر دی۔
قابض فوجیوں نے ککر ناک کے علاقے وٹنارڑ کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی شروع کی، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کپواڑہ میں بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کی24 ویں برسی پر آج قصبے میں مکمل ہڑتال ہے، بھارتی فوجیوں نے27جنوری 1994کوکپواڑہ قصبے میں27 بے گناہ کشمیریوںکو بلا جواز اندھا دھند فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا، ہڑتال کے دوران دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل ہے۔ ضلع پلوامہ کے قصبے ترال میں بھی شہید نوجوان عابد خان کی شہادت کی تیسری برسی میں آج مکمل ہڑتال ہے۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیر میں بدامنی کی بنیادی وجہ بھارت کا غیر قانونی قبضہ ہے اور جب تک یہ ختم نہیں ہوتا یہاں کبھی پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا، انھوں نے دارالعلوم سوپور پر بھارتی فوجیوں کے چھاپے اور توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button