پاكستان اور نیوزی لینڈ كے درمیان میچ اتوار كو ماؤنٹ ماؤنگانوئی كركٹ اسٹیڈیم میں كھیلا جائے گا
لاہور: پاكستان نے ٹی ٹوئنٹی ٹرافی پر نگاہیں مركوز كرلیں ہیں، سیریز كے آخری اور فیصلہ كن میچ كے لئے آكلینڈ سے ٹورانگا پہنچنے والے گرین شرٹس ہفتہ كو بھرپور پریكٹس سیشن كریں گے اور میچ اتوار كو پاكستانی وقت كے مطابق صبح 11 بجے ماؤنٹ ماؤنگانوئی میں كھیلا جائے گا۔
پاكستان اور نیوزی لینڈ كے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز كا ویلنگٹن میں كھیلا جانے والا پہلا میچ كیویز نے جیتا، میزبان ٹیم كو صرف 105رنز كا ہدف حاصل كرنے میں كوئی دشواری نہیں ہوئی، آكلینڈ میں كھیلے جانے والے دوسرے مقابلے میں گرین شرٹس كی بیٹنگ لائن خواب غفلت سے جاگی اور 201 كا مجموعہ ترتیب دیا، اب پاكستان نے سیریز كے آخری اور فیصلہ كن میچ میں ٹی ٹوئنٹی ٹرافی پر نگاہیں مركوز كرلیں ہیں جب کہ میچ اتوار كو ماؤنٹ ماؤنگانوئی كركٹ اسٹیڈیم میں كھیلا جائے گا۔
گرین شرٹس جمعہ كو ہی آكلینڈ سے ٹورانگا پہنچ گئے اور ہفتہ كو یہاں بھرپور پریكٹس كریں گے، اگرچہ 5 ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی میچ میں ناكام ہونے والی ٹاپ آرڈر نے آكلینڈ میں بہترین كاركردگی پیش كی جس كے بعد بولرز كے لئے بھی ہدف كے دفاع كا مشن آسان ہوگیا لیكن ماؤنٹ ماؤنگانوئی میں پاكستان ٹیم كو بہتر پلاننگ اور سخت محنت كرنا پڑے گی، نیوزی لینڈ اس اسٹیڈیم میں ابھی تک ناقابل شكست ہے، كیویز نے یہاں مجموعی طور پر 5 میچ كھیلے جن میں بنگلا دیش كو سری لنكا اور ویسٹ انڈیز كو ایک ایک مقابلے میں ہرایا، ایک میچ بارش كی نذر ہوا۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ نے تیسرے میچ كے لئے تبدیلیاں كی ہیں، اہم كھلاڑی كولن منرو ہیمسٹرنگ انجری كی وجہ سے پہلے ہی میچ سے باہر ہو گئے، ان كا خلا راس ٹیلر پر كریں گے جب کہ وكٹ كیپر گلین فلپس كی جگہ ٹام بلنڈل كو ٹیم میں شامل كیا گیا ہے۔