شمالی کوریا پر مزید پابندیاں عائد
واشنگٹن: امریکا نے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے خلاف مزید نئی پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے چین اور روس سے شمالی کوریا کو فنڈنگ نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے اس کی 9 کمپنیوں، 16 شخصیات اور 6 بحری جہازوں پر مزید نئی پابندیاں عائد کی ہیں جوشمالی کوریا کو ہتھیاروں کی تیاری میں معاونت کرہے ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ نے چین کی دو کمپنیوں پر بھی الزام عائد کیا ہے کہ یہ شمالی کوریا کو لاکھوں ڈالرکی برآمدات کررہی ہیں جس میں دھاتیں اور جوہری پروگرام کو آگے بڑھانے میں معاون دیگر اشیاء شامل ہیں۔
امریکا کی جانب سے پابندی کی زد میں آنے والی شخصیات میں سے بعض چین، روس اور جارجیا میں کام کرنے والی شمالی کوریا کی ورکنگ پارٹی کے اراکین بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی حکام کے مطابق پابندیوں کا مقصد شمالی کوریا کو ایٹمی سرگرمیوں سے باز رکھنا اور مذاکرات کی میز پر واپس لانا ہے۔