داعش نے سفید فام بچے سے خوفناک کام کروادیا ، مغربی ممالک کی نیندیں اڑ گئیں

بغداد(مانیٹرنگ ڈیسک) شدت پسند تنظیم داعش کی جانب سے اپنے دشمنوں اور قیدیوں کو ہلاک کرنے کی ویڈیوز گاہے بگاہے منظر عام پر آتی رہتی ہیںلیکن گزشتہ روز ایک ایسی ویڈیو سامنے آئی کہ جس نے مغربی ممالک کی حکومتوں اور عوام کو بری طرح ہلا کر رکھ دیا۔
میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق 15منٹ پر محیط اس ویڈیو میں ایک ننھا بچہ ایک قیدی کو گولی مار کر ہلاک کرتا نظر آتا ہے۔ یوں تو اس ویڈیو کا ہر منظر ہی لرزا دینے والا ہے لیکن مغربی ممالک میں جس چیز نے خصوصی طور پر ہلچل برپا کردی ہے وہ گولی چلانے والے بچے کا سفید فام نسل سے تعلق ہے۔ یہ بچہ اپنی وضع قطع، حلیے اور رنگت سے سفید فام اور یورپی نظر آتا ہے۔ اس کی عمر 10 سال سے بھی کم نظر آتی ہے اور وہ داعش کی مخصوص فوجی وردی میں ملبوس ہے۔ ویڈیو غالباً موصل شہر میں ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس میں نظر آنے والے قیدی کے بارے میں داعش نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے نینوا شہر سے گرفتار کیا گیا اور اس پر جاسوسی کے الزامات تھے۔ داعش کا ایک جنگجو ننھے بچے کو پستول تھماتا ہے، جسے وہ قیدی کے سر کی جانب اٹھاتا ہے اور گولی چلادیتا ہے۔
داعش کی جانب سے اس نوعیت کی ویڈیوز پہلے بھی سامنے آچکی ہیں مگر ایک انتہائی کمسن سفید فام بچے کو قتل جیسا بھیانک کام کرتے ہوئے دکھانے والی یہ پہلی ویڈیو قرار دی جارہی ہے۔ انٹیلی جنس ماہرین ویڈیو کے متعلق مزید تحقیقات کررہے ہیں تاہم فی الحال یہ واضح نہیں کہ اس میں نظر آنے والا بچہ کس مغربی ملک کا شہری ہے اور وہ داعش کے پاس کیسے پہنچا۔