ہمیں گرانے والے خود گررہے ہیں: طلال چودھری
اسلام آباد (نیوز وی او سی آن لائن) مسلم لیگ(ن) کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ ملک میں ایسا کوئی بحران نہیں کہ ہم اکثریت کھو چکے ہیں، اپوزیشن نے پاور شو کرنے کی کوشش کی مگر جلسہ پاور لیس تھا۔ اپوزیشن سے سٹیج بھرا ہوا تھا مگر جلسے کا پنڈال خالی تھا،بروقت الیکشن ہی سسٹم کے استحکام کی علامت ہے ، شیخ رشید عجیب رنگ باز آدمی ہے ، ہمیں گرانے والے آج خود گر رہے ہیں، جو لوگ سسٹم کو توڑنا چاہتے ہیں ،ناکامی اور نامرادی ایسے لوگوں کا مقدر ہوگی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام”آج شاہ زیب خانزادہ کیساتھ“ میں گفتگوکرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے رہنما ءطلال چودھری کا کہنا تھا کہ اس وقت جلاﺅ گھیراﺅ کی سیاست ملک کے لئے نقصان دہ ثابت ہوگی ۔ پاکستان میں یہ ٹرینڈ نہیں کہ ڈیڑھ کروڑ ووٹ دینے والا وزیر اعظم نہ رہے اور ساڑھے پانچ سو والا منتخب ہوجائے۔ ہم اس وقت ملک کی اکثریتی جماعت ہیں ،وزیر اعظم کے نا اہلی کے فیصلے کے بعد ہم نے نواز شریف کے حکم پر خاموشی اختیار کی ، اگر ہم اٹھتے تو یہ ملک ایک لمحے کے لئے بھی نہیں چل سکتا۔ طلال چودھری کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت اس وقت اسمبلیاں نہیں توڑے گی ، اسمبلیاں توڑنا اس وقت سیاسی خود کشی ہوگی اور کوئی بھی یہ خود کشی نہیں کرے گا۔ اگر ملک کے چاروں صوبوں کی اسمبلیاں بھی ٹوٹ جائیں تو عام انتخابات وقت مقرر ہ پر ہوں گے، اس وقت ہمارے سیاسی مخالفین اسمبلیاں توڑنے کے لئے نہیں بلکہ سینٹ الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کی اکثریت کم کرنے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔مسلم لیگ(ن) کا سیاسی میدان میں مقابلہ کرنے کی سکت نہ رکھنے والے آج الزامات کی سیاست کرتے ہیں اور جلاﺅ گھیراﺅ کی دھمکیاں دیتے ہیں۔
شیخ رشید کے استعفے پر ردعمل دیتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ شیخ رشید عجیب رنگ باز آدمی ہے ، اسے معلوم ہے کہ اس کی نشست پر نہ تو اب ضمنی انتخابات ہو سکتے ہیں اور نہ ہی اس استعفے کا کوئی سیاسی فائدہ حاصل ہو سکتا ہے۔ عمران خان کو علم ہے کہ وہ عوام میں اتنے مقبول نہیں کہ خیبرپختونخوا اسمبلی سے مستعفی ہو کر اکثریت حاصل کر لیں گے، یہ لوگ صرف سسٹم کو توڑنا چاہتے ہیں اور وہ اس کوشش میں ناکام ہوں گے۔