کیا مال روڈ پرآنیوالے لوگ زینب اورعاصمہ کیلیےبھی آنسوبہائیں گے؟ شہبازشریف
قصور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ زینب کے قتل کی تحقیقات کیلیے تمام ادارے انتھک محنت کررہے ہیں لیکن قاتل کی گرفتاری کے لیے ٹائم فریم نہیں دے سکتا۔
قصور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت زینب کے والدین کے دکھ میں شریک ہے، قاتل کو پکڑنے کے لئے صوبائی حکومت، عسکری ادارے اور متعلقہ انٹیلی جنس ادارے اپنی بھر پور کوششیں کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں سائنسی خطوط پر تحقیقات ہورہی ہیں، جس کے مطابق اصل ملزم کےساتھ دوسرا شخص بھی ملوث ہوسکتاہے۔ اہل محلہ میں سے کسی کو اس بارے میں کوئی معلومات ہیں تو شیئر کریں، ان کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ ملزم پکڑے جائیں گے تاہم کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتا۔ میں سب سے اپیل کرتا ہوں اس معاملے پر قیاس آرائی نہ کی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قصور کی 8 سالہ زینب کی طرح مردان میں 4 سالہ عاصمہ بھی قوم کی بیٹی ہے۔ دونوں ہی پاکستان کی بیٹیاں تھیں لیکن کیا زینب کی طرح عاصمہ کے معاملے پر بھی اسی طرح انگلیاں اٹھائی گئیں۔ میری التجا ہے کہ ہم قوم کے جذبات کو نہ بھڑکائیں، اگر یہ روایت پڑ گئی تو پھر کیا ہم مردان میں احتجاج کریں گے۔