نواز شریف اور وزیر اعظم خود ڈان لیکس رپورٹ منظر عام پر لانے کے احکامات جاری کردیں
اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے ترجمان نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور نواز شریف سے ڈان لیکس رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کردیا۔
ترجمان چوہدری نثار نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا ہے کہ بہتر ہو گا مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیر اعظم خود ڈان لیکس رپورٹ منظر عام پر لانے کے احکامات جاری کردیں یہ اس لیے ہے کہ بیان دینے والے شخص کے کرتوت سب کے سامنے آجائیں۔
چوہدری نثار سے متعلق پرویز رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ایک ایسا شخص جس نے آج تک کونسلر کا الیکشن نہ لڑا ہو وہ ن لیگ کا خود ساختہ پردھان منتری بن بیٹھا ہے جس کی بیشتر زندگی ایک دوسری پارٹی میں گزری ہو ایسے شخص پر تعجب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری نثار کسی ایسے شخص کی مضحکہ خیز باتوں کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتے جس کا خود مسلم لیگ ن سے تعلق واجبی ہو۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بیان دیا ہے کہ چوہدری نثار ڈان لیکس کے معاملے پر کسی کی خوشنودی کے لیے مجھے پارٹی سے نکالنا چاہتے تھے، پارٹی چوہدری نثار کے بارے میں فیصلہ کرے، میرا ووٹ انھیں نکالنے کے حق میں ہو گا۔