وزارت اعظمیٰ سے نا اہلی فیصلے نے سی پیک کو متاثر نہیں کیابلکہ پروجیکٹ کے منصوبوں میں مزید تیزی آئی ہے۔چینی سفیر
لاہور (نیوز وی او سی آن لائن) چینی سفیر یاو جنگ نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وزارت اعظمیٰ سے نا اہلی فیصلے نے سی پیک کو متاثر نہیں کیابلکہ پروجیکٹ کے منصوبوں میں مزید تیزی آئی ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق چینی سفیر یاو جنگ نے گذشتہ روز سابق وزیر اعظم نواز شریف سے لاہور میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران چینی سفیر کا کہنا تھا کہ کئی ارب ڈالر مالیت کے اقتصادی کوریڈور منصوبے نے پاکستان کے ساتھ کئی دہائیوں سے جاری سماجی اوراقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی بنیاد رکھی ہے، جس کا مقصد لوگوں کے معیار زندگی بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور(سی پیک ) کے تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کر لیا جائے گا۔
چینی سفیرنے پاک چائنہ دوستی کو مضبوط بنانے کے لئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے عزم اور مدد کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھاسی پیک کو اپنی مقررہ مدت پر مکمل کیا جائے گا اور دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے عوام کی خواہشات کے مطابق مزید قریب آنا چاہئے۔ پاک ، افغان تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں چینی سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنا ہوگا اور افغان حکومت سی پیک کے منصوبوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تجارت کے ذریعے خود کو مضبوط بنائے۔ انہوں نے سی پیک پر بھارتی حکومت کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کو بھی یکسر مسترد کیا۔
چینی سفیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی ، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خطرے کو کم کرنے کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان نے انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے ذریعے ملک میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنایا ہے۔اس سے قبل جب میں پاکستان میں تعینات تھا تو ہم ہر جگہ بغیر سیکورٹی کے جاتے تھے مگر اب سیکورٹی کے بغیر سفر کرنا مشکل ہے۔