قومی ٹیم کو تیسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست
ویلنگٹن (نیوز وی او سی آن لائن) قومی ٹیم تیسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے باﺅلرز کے ہاتھوں صرف 74 رنز پر عبرت کا نشان بن چکی ہے، شاہینوں کا یہ چوتھا کم ترین سکور ہے، قومی ٹیم کے پاس کم ترین سکور کا ریکارڈ 43 رنز کی صورت میں موجود ہے جو اس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا تھا۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں 183 رنز سے عبرتناک شکست کا تاج پہنا ہے، قومی ٹیم 27 اعشاریہ 2 اوورز میں 74 رنز پر پویلین لوٹی جو اس کا چوتھا کم ترین سکور ہے۔ قومی ٹیم نے سب سے کم ترین سکور 25 فروری 1993 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا تھا جب پوری ٹیم صرف 19 اعشاریہ 5 اوورز میں 43 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔ یہ مجوعی طور پرکسی بھی ٹیم کی طرف سے پانچواں کم ترین سکور تھا۔
پاکستان نے دوسرا کم ترین مجموعہ بھی 9 جنوری 1993 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 71 رنز کی صورت میں قائم کیا جبکہ تیسرا کم کم ترین سکور یکم مارچ 1992 کو انگلینڈ کے خلاف بنایا ، ایڈیلیڈ میں پوری قومی ٹیم صرف 74 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی تھی۔ 2009 میں لاہور میں کھیلے گئے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف 75 رنز بنا کر آج (ہفتہ) سے پہلے تک کا چوتھا اور اب پانچواں کم ترین رن سکور کیا تھا۔