انٹرنیشنل

جنوبی کوریا اور شمالی کوریا عسکری مذاکرات کرنے پر تیار ہو گئے

جنوبی کوریا اور شمالی کوریا عسکری مذاکرات کرنے پر تیار ہو گئے، فوجی تناؤ کم کرنے کے لئے ہاٹ لائن کی مدد سے بات چیت کرنے پر اتفاق ہوگیا۔
جنوبی کوریائی میڈیا نے بتایا ہے کہ دونوں ممالک کشیدگی کو کم کرنے کی خاطر اعلیٰ سطحی مذاکرات کریں گے۔
دونوں ممالک کے نمائندوں کے مابین ملاقات کے نتیجے میں شمالی کوریا نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے ایتھلیٹس کا دستہ سرمائی اولمپکس مقابلوں میں شرکت کے لیے سیؤل بھیجے گا۔ یہ کھیل آئندہ ماہ جنوبی کوریا میں منعقد کیے جا رہے ہیں،مذاکرات کا دائرۂ کار واضح نہیں،دونوں ملکوں کے اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقات منگل کو سرحدی گاؤں پنمن جوم میں خوشگوار ماحول میں ہوئی ،جس میں سرمائی اولمپکس میں شمالی کوریا کی شرکت کا معاملہ زیر غور آیا۔
مذاکرات کے بعد جنوبی کوریا کے نائب وزیربرائے الحاق چن ہائی سنگ نے صحافیوں کو بتایا کہ شمالی کوریا کے وفد نے اولمپکس میں شرکت پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران جنوبی کوریا کے وفد نے جنگ کے باعث تقسیم ہوجانے والے خاندانوں کی ملاقاتیں دوبارہ شروع کرنے اور سرحدی علاقوں میں کشیدگی کے لیے باہمی مذاکرات شروع کرنے کی تجاویز بھی پیش کیں۔
جنوبی کوریائی وزیر کا کہنا تھا کہ ان کے وفد نے مذاکرات میں خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے پر بھی زور دیا ہے۔
دوسری طرف یورپی یونین کونسل نے شمالی کوریا پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد کی رو سے اضافی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں شمالی کوریا کے مزید 16 افراد اور ایک سرکاری ادارے کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ یورپی یونین کی اضافی پابندی فہرست میں مالی اثاثوں اور ویزے کی پابندی عائد کردہ 54 ادارے اور 79 افراد شامل ہیں، تا ہم یورپی یونین نے اپنی فہرست میں شمالی کوریا کی 10 فرموں اور 41 افراد کو شامل کیا ہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button