پاکستان

عام انتخابات ادارہ شماریات نے الیکشن کمیشن کو ریکارڈ دیدیا

اسلام آباد: ادارہ شماریات نے الیکشن کمیشن کومردم شماری کا ہربلاک کی سطح کامطلوبہ ڈیٹاانتہائی مختصرمدت میں مرتب کرکے فراہم کردیا اور تمام صوبوں کی آبادی کے نتائج بھی جاری کردیے۔
الیکشن کمیشن نے مردم شماری کے عبوری نتائج کے اجرا کے بعدعام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقوں کی نئی حد بندیاں کرنے کے لیے حلقہ بندی کمیٹیوں کی تین روزہ تربیت کاآغاز کردیا، چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا نے حلقہ بندی کمیٹیوں کی تربیت کا باضابطہ آغازکیا۔ الیکشن کمیشن کے 5 سینئر ٹرینرزحلقہ بندی کمیٹیوں کے32 افسران کو تربیت دے رہے ہیں، ان حلقہ بندی کمیٹیوں میں چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز بھی شامل ہیں، ان افسران کی تربیت کے بعد الیکشن کمیشن15جنوری سے حلقہ بندیوں پر کام شروع کریگا جو28فروری تک جاری رہے گا۔
حدبندیوں کے بعد 5 مارچ سے 3اپریل تک اعتراضات سنے جائیں گے اور اس کے بعدحتمی فیصلے ہوں گے، الیکشن کمیشن کایہ تمام عمل 3 مئی تک مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے لیے 8 نکاتی اصول وضع کیے ہیں۔
ان میں قومی اسمبلی کے حلقے آبادی، جغرافیائی حدود، علاقائی محل وقوع، انتظامی حدود، عوامی اور مواصلاتی سہولت، عوامی سہولت اور علاقہ کی یکسانیت کو برقراررکھنے کے اصولوں پر بنائے جائیں گے۔ دوسری طرف ادارہ شماریات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے مردم شماری کے عبوری نتائج کو نوٹیفائی کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے، عام انتخابات کے بروقت انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو ضلع، تحصیل اور بلا ک کی سطح تک کا ریکارڈ حوالے کیا جارہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button