وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں قبضہ مافیا سے سرکاری زمینیں واگزار کرانے کا بیڑا خود اٹھالیا
کراچی (نیوز وی او سی آن لائن )سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے اجلاس میں مراد علی شاہ نے کہاکہ انتظامیہ قبضہ مافیا کے آگے اتنی بے بس ہے، انہیں افسوس ہے، لیکن وہ بے بس نہیں، وہ خود نکلیں گے اورزمینوں پر قبضے ختم کرائیں گے، یہ زمینیں کراچی کےعوام کی ہیں، کسی کو لوٹنے نہیں دیں گے-
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے زمینی معاملات پرغور کیا گیا۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کو کورنگی اور دیگر علاقوں میں گاربیج کی منتقلی اور لینڈ فل سائٹ کے لیے زمین کے مسائل ہیں۔
وزیر بلدیات جام خان شورو نے دوران بریفنگ بتایا کہ گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن کے لیے کے ڈی اے نے سیکٹر 52 کورنگی میں سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کو زمین الاٹ کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کورنگی میں سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کو کے ڈی اے کی جانب سے گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن کےلیے الاٹ کی گئی زمین کاریکارڈ اور اونرشپ واضح کرنے کاحکم دے دیا،انہوں نے کہا کہ یہ بھی دیکھیں کہ کیا کے ڈی اے اپنی زمین کسی کو الاٹ کرسکتی ہے بھی یا نہیں۔
مراد علی شاہ نے سہراب گوٹھ میں گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن کے لیے مختص زمین کا قبضہ ختم کرانے کا بھی حکم بھی دیا، مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ یہ کوئی علاقہ غیرنہیں کہ سہراب گوٹھ میں آپ کو کام کرنے نہیں دیا جارہا ،حیران ہوں کہ اس معاملے پر کراچی کی انتظامیہ کیا کررہی ہے؟
وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی، ممبر لینڈ یوٹیلائزیشن، ڈی جی کے ڈی اے اور ایڈیشنل آئی جی کراچی پرمشتمل کمیٹی قائم کردی، کمیٹی واگزار کرائی گئی زمین کا ریکارڈ ترتیب دے کر تصدیق کے بعد اس کو محفوظ کرے گی اور اس پر تجاویزبھی دے گی۔