عمران خان کے وزیراعظم بننے کا امکان نہیں، ماہرین علم الاعداد و نجوم
لاہور: ماہرین علم الاعداد اور علم نجوم نے پیشگوئی کی ہے کہ عمران خان کا وزیراعظم بننے کا کوئی امکان نہیں تاہم 2018 دھرتی ماں سے محبت کا سال ہے اور دھرتی ماں اس سال اپنے نالائق بیٹوں کو سبکدوش کرکے نئے، ذہین اور محب وطن بیٹوں کو آگے لائے گی جو اس کی حفاظت کر سکیں-
ماہرین علم الاعداد اور علم نجوم کا کہنا تھا کہ نیا سال عوام کا سال ہوگا،کچھ سیاسی قوتوں کی جانب سے ’’انتخاب سے قبل احتساب‘‘ کا نعرہ لگ سکتا ہے۔ جنرل قمر باجوہ پاکستان کے لیے خوش بختی کی علامت ہیں، اس سال عدلیہ کی جانب سے ایسے لوگ شکنجے میں آئیں گے جو اس سے قبل کبھی احتساب کی زد میں نہیں آسکے تھے۔
سید انتظار علی زنجانی نے کہا کہ پیر کے دن سے شروع ہونے والا یہ سال انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔ احتساب کے معاملات میں تیزی آئے گی۔ اگرچہ 2018 الیکشن کا سال ہے تاہم بعض سیاسی قوتیں ’’انتخاب سے قبل احتساب اور انقلاب‘‘ کا نعرہ لگاسکتی ہیں۔ عوامی سال ہوگا اور عوام کے فلاح و بہبود کے کئی منصوبوں پر کام ہوگا۔ نواز شریف بطور قائد کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اپنی سوانح عمری بھی لکھیں گے اور کامیابیوں اور کوتاہیوں کی نشاندہی بھی کریں گے۔ الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا میں ایسا تھنک ٹینک ابھرے گا جو وطن کی محبت کو اجاگر کرے گا۔
معروف پامسٹ یاسین وٹو نے کہا کہ اس سال کرپٹ افراد کے خلاف گھیرا تنگ ہوگا جبکہ پاکستان امریکا کے سامنے اپنی خود مختاری کے حوالے سے اسٹینڈ لیتے نظر آئے گا۔ اس سال الیکشن ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ عمران خان کے وزیراعظم بننے کے امکانات نہیں تاہم ان کی مقبولیت میں کوئی فرق نہیں آئے گا۔ نوازشریف کا اقتدار کی سیاست میں کوئی مستقبل نہیں، شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کو خارج از امکان قرارنہیں دیا جاسکتا۔ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ پاکستان کے لیے خوش بختی کی علامت ہیں ان کے دور میں ملک مزید بہتری کی جانب جائے گا۔
سعدیہ ارشد نے کہا کہ پہلے 6 ماہ میں مہنگائی میں اضافہ ہوگا جبکہ عدلیہ کا کردار مزید مضبوط ہوگا اور وہ فیصلے آئیں گے جس کا کبھی کسی نے تصور بھی نہیں کیا ہوگا عمران خاں ہیرو ہیں، اور رہیں گے انھوں نے سوئی ہوئی قوم کو بیدار کرکے جوکام کردیا ہے اس وجہ سے اب انھیں وزارت عظمیٰ ملے یا نہ ملے ان کا اسٹیٹس اس سے آگے جاچکا ہے۔ اگر شہباز شریف اور عمران خاں میں مقابلہ ہوتا ہے تو دونوں کا تعلق برج میزان سے ہے تاہم عمران کا زائچہ زیادہ مضبوط دکھائی دیتا ہے۔ صاحبزادہ مصور علی زنجانی نے کہا کہ نئے سال میں ملک انشا اللہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔