نواز، شہباز کی آج سعودی ولی عہد سمیت اہم شخصیات سے ملاقات کاامکان
سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی آج سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت اہم شخصیات سے اکٹھے ملاقات کاامکان ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف لاہور سے ریاض پہنچے تو پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق نے ان کا استقبال کیا جب کہ مسلم لیگ ن کے مقامی کے عہدے دار اور کارکن بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سعودی عرب میں پہلے سے موجود وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی عمرہ ادائیگی کے بعد آج ریاض پہنچیں گے۔
نوازشریف اور شہبازشریف کی آج سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت دیگر اہم سعودی شخصیات سے اکٹھے ملاقات کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں امت مسلمہ کے تنازعات پربات ہوگی، اس کے علاوہ پاکستان کی سیاسی صورتحال پر یا کچھ اورمعاملات زیرغور آئیں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف 27 دسمبر کو خصوصی دورے پر سعودی عرب روانہ ہوئے تھے جن کے لیے سعودی عرب سے خصوصی طیارہ بھیجا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق پہلے سے ہی سعودی عرب میں موجود ہیں۔