گوجرانوالہ میں سیاسی پارہ عروج پر پہنچ گیا،پی ٹی آئی کارکنوں کی بلے اور ڈنڈے ہاتھوں میں لے کر ریلی, میانوالی میں بھی کھلاڑی باہر نکل آئے
گوجرانوالہ( مانیٹرنگ ڈیسک) گوجرانوالہ میں سیاسی پارہ انتہائی درجے پر پہنچ گیا۔ ن لیگ کے کارکنوں کی جانب سے پی ٹی آئی کے رائیونڈ مارچ کو روکنے کیلئے فورس بنانے کے بعد اب تحریک انصاف کے کارکن بھی اس مارچ کی کامیابی کیلئے میدان میں آگئے ہیں۔
دنیا نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکن بھی ہاتھوں میں بلے اور ڈنڈے لے کر شہر میں نکل آئے اور ن لیگ کے کارکنوں کو وارننگ دی کہ اگر انہوں نے کوئی گڑ بڑ کی کوشش کی تو ان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ ان کارکنوں میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی جنہوں نے ن لیگ کے خلاف اور عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔ ان کارکنوں نے سیالکوٹ روڈ پر ریلی بھی نکالی اور گو نوا ز گو کے نعرے لگائے۔اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی ۔میانوالی میں بھی کپتان کے کھلاڑی میدان میں نکل آئے ۔ ہاتھوں میں انڈے پکڑے ان کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ جس نے بھی ہمیں رائیونڈ جانے سے روکا اس کو انڈوں سے ماریں گے۔ کوئی ہماری راہ میں رکاوٹ نہ ڈالے ورنہ نتائج کا ذمہ دار وہ خود ہوگا۔