وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبےکے کاشتکاروں کو بڑی خوشخبری سنادی
مدینہ منورہ( ویب ڈیسک) سعودی عرب سے وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبےکے کاشتکاروں کو بڑی خوشخبری سنادی اور وزن میں کٹوتی کرنیوالی شوگر مل مالکان کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کردی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مدینہ منورہ سے ویڈیو کانفرنس کے دوران گنے کے کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے قائم کمیٹی کی سفارشات اور تجاویز کا جائزہ لیا ۔اِس موقع پر اُنہوں نے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کی ذمہ داری ہر قیمت پر ادا کروں گا۔صوبہ بھر میں کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، تمام تر ہمدردیاں کاشتکارو ں کے ساتھ ہیں،کسی کو گنے کے کسانوں کے مفادات سے نہیں کھیلنے دوں گا اورگنے کے وزن میں کٹوتی کرنے والی شوگر ملوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیدیا۔شہبازشریف کاکہناتھاکہ میری مل بھی گنے کے وزن میں کٹوتی کرے تو اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے،آئندہ گنے کے وزن میں کٹوتی کی شکایت ملی تو شوگر مل کے خلاف مقدمہ درج ہوگا اور گرفتاری ہوگی،کاشتکاروں کو نقصان پہنچانے والے شوگر مل مالکان سے کوئی لحاظ نہیں کیا جائے گا، کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جاؤں گا۔
شہبازشریف کاکہناتھاکہ ’’شوگرمل مالکان سن لیں کہ کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بناؤں گا۔متعلقہ صوبائی وزراء اور سیکرٹریز صاحبان فیلڈ میں موجود رہیں۔کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ وزراء اور سیکرٹریز تسلسل کے ساتھ دورے جاری رکھیں اور مجھے باقاعدہ اپ ڈیٹ کیا جائے،غیر قانونی کنڈوں کے خلاف بھی کارروائی جاری رکھی جائے‘‘۔