رواں سال دنیا بھر سے 28ہزار 651یہودی فلسطین میں بسائے گئے
مقبوضہ بیت المقدس (یوا ین پی)دنیا بھر سے یہودیوں کو فلسطین میں لا کربسانے کا مکروہ صہیونی سلسلہ جاری ہے۔ رواں سال 2017 کے دوران دنیا بھر سے 28 ہزار 651 یہودیوں کو فلسطین میں لا کر آباد کیا گیا۔یہ اعدادو شمار اسرائیل کے عبرانی جریدے اسرائیل ھیوم میں شائع ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیاہ یہودی روس سے فلسطین میں لائے گئے۔ ان کی تعداد 7046 بتائی جاتی ہے اس کے بعد زیادہ تعداد یوکرائن سے لائی گئی جن کی تعداد 6881 تھی۔ فرانس سے 3356 اور امریکا سے 3314 امریکیوں کو فلسطین میں لا کر آباد کیا گیا۔گزشتہ برس کی نسبت رواں سال فلسطین میں آباد کیے گئے یہودیوں کی تعداد نسبتا زیادہ ہے۔ سنہ 2016 کے دوران مجموعی طور پر 27 ہزار جبکہ 2015 کے دوران 31 ہزار یہودیوں کو فلسطین میں لا کر آباد کیا گیا۔اسرائیلی حکومتیں تواتر کے ساتھ دنیا بھر سے یہودیوں کو فلسطین میں جمع کرنے کی پالیسی پرعمل پیرا رہی ہیں۔