کھیل

ون ڈے رینکنگ؛ پاکستان چھٹے نمبر پر

دبئی : سال کی اختتامی ون ڈے رینکنگ میں بھی دنیا بھر کے بولرز پر حسن علی کا راج برقرار رہا بیٹسمینوں میں بابراعظم چوتھے اور آل راؤنڈرز میں محمد حفیظ ٹاپ پر رہے۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے رواں برس کی آخری ون ڈے رینکنگ جاری کردی، بولنگ چارٹ پر پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی بدستور اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ گذشتہ برس کا اختتام بولنگ میں ٹاپ پوزیشن پر کرنے والے ٹرینٹ بولٹ کو ویسٹ انڈین ٹیم پر تباہی ڈھانے کا صلہ تین درجے ترقی کی صورت میں ملا جس کی بدولت وہ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔ انھوں نے اس سیریز میں 10 وکٹیں لیں، جس میں کرائسٹ چرچ میں 34 رنز کے عوض کیریئر بیسٹ 7 شکار بھی شامل تھے،ان کے ساتھی مچل سینٹنر چار درجے بہتری پاکر 10 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ ویسٹ انڈین کپتان ہولڈر کو 6 درجے بہتری نے بولرز میں 21 ویں نمبر پر پہنچایا۔ سری لنکا سے ہوم ون ڈے سیریز نہ کھیلنے کے باوجود بھارتی کپتان ویرات کوہلی بیٹنگ میں بدستور ٹاپ پوزیشن پر موجود ہیں، پاکستان کے بابر اعظم کا چوتھا نمبر ہے۔ نیوزی لینڈ کے جارج ورکر 89 درجے بہتری سے 135 ویں نمبرپر پہنچے۔
آل راؤنڈرز میں محمد حفیظ کا پہلا نمبر ہے، شکیب الحسن دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ ٹیم رینکنگ میں 121 پوائنٹس کے ساتھ جنوبی افریقہ بدستور نمبر ون پوزیشن پر فائز اور بھارت دوسرے نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا کو چند اعشاریائی پوائنٹس کی وجہ سے چوتھے درجے کی انگلش ٹیم پربرتری حاصل ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچز کی سیریزمیں کلین سوئپ کے باوجود نیوزی لینڈ کو صرف ایک ہی پوائنٹ ملا، نویں نمبر پر موجود کیریبیئن ٹیم کے ایک پوائنٹ کی کٹوتی ہوئی ہے۔ پاکستان 99 پوائنٹس کے ساتھ بدستور چھٹی پوزیشن سنبھالے ہوئے ہے، بنگلہ دیش اس سے پورے سات پوائنٹس کمی کے ساتھ ساتویں اور 84 پوائنٹس کی حامل سری لنکن ٹیم آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان نے 2017 کا اختتام چھٹی پوزیشن پر کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button