بھارت لداخ سرحد پر گشت کے لئے اونٹ استعمال کرے گا
بھارتی فوج چین سے ملحقہ سرحدی علاقے لداخ میں گشت کے لئے اونٹ استعمال کرے گی،اس مقصد کے لئے اونٹوں کو پٹرولنگ اور اسلحہ و دیگر بھاری سامان لے کر جانے کی تربیت دی جائے گی۔
بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق بھارتی فوج باربرداری کے لئے روایتی طور پر خچروں کا استعمال کرتی ہے، جو 40کلوتک وزن اٹھاسکتے ہیں، اس کے برعکس دُہرے کوہان والا اونٹ 180سے 220کلو وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بھارتی فوج نےپائلٹ پروجیکٹ کے تحت لداخ بھیجنے کے لئے نیشنل ریسرچ سینٹر آن کیمل بیکانیر سے 4اونٹ پہلے ہی حاصل کرلئے ہیں۔
اخبار کے مطابق اگر پائلٹ پروجیکٹ کامیاب ہوجاتا ہے تو بھارتی فوج 12ہزار سے ساڑھے 15ہزار فٹ بلند سرحدی علاقے میں گشت کے لئے اونٹوں کا استعمال کرے گی۔
واضح رہے کہ لداخ کی سرحد پرچینی اور بھارتی فوجیوں کے درمیان ماحول کشیدہ رہتا ہے اور کئ بار جھڑپیں بھی ہوچکی ہیں۔ رواں سال اگست میں ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی جس میں دونوں ملکوں کے فوجی ایک دوسرے پر پتھراؤ کرتے دیکھے گئے۔