فاٹا انضمام، جماعت اسلامی کی حکومت کو 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن
ماعت اسلامی نے فاٹا انضمام سے متعلق فیصلے کے لئے حکومت کو 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن دیدی، مقررہ تاریخ تک فیصلہ نہ ہونے کی صورت میں اسلام آباد میں فیصلہ کن دھرنے کا اعلان کردیا۔
امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد نے مرکز اسلامی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کا انضمام سرتاج عزیز کمیٹی کے مطابق 31 دسمبر تک ہونا چاہئے، وفاق نے فاٹا کو تجربہ گاہ بنایا ہے، فاٹا کو پہلے ملٹری اور اب سیاسی آپریشن کی نذر کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فاٹا کے انضمام پر چاروں صوبے ، تمام جماعتیں اور سینیٹ بھی ایک پیج پر ہیں۔
مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ 31 دسمبر تک فاٹا انضمام کا فیصلہ نہ ہوا تو فیصلہ کن دھرنا ہوگا، 3 جنوری کو گرینڈ جرگہ میں تمام جماعتیں، فاٹا یوتھ اور تاجر شرکت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں فاٹا کے عوام خیبر پختونخوا اسمبلی میں نمائندگی چاہتے ہیں، وفاق کی قومی عمل درآمد کمیٹی کی حمایت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف جے یو آئی ف فاٹا انضمام کے بجائے ریفرنڈم چاہتی ہے۔