رائے ونڈ مارچ سے پہلے کپتان کا بڑا امتحان،عمران خان صورتحال سے کیسے نمٹیں گے؟ سب نظریں بنی گالہ پر لگ گئیں
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کا رائے ونڈ مارچ کب ہوگا، عمران خان حتمی تاریخ کا اعلان آج شام اسلام آباد میں ہونے والے ورکرز کنونشن میں کریں گے،مارچ کے لئے تمام تر تیاریاں جاری ہیں جبکہ ممکنہ حکومتی مزاحمت کا مقابلہ کرنے کے لئے ٹیمیں بھی تشکیل دےد ی گئی ہیں، تاہم اندرونی اختلافات اور پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل کے استعفے کے بعد پی ٹی آئی کومشکلات کا بھی سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف حکومت کے خلاف رائے ونڈ مارچ کی تیاریوں میں مصروف ہے ، مارچ کی حتمی تاریخ کا اعلان آج شام اسلام آباد میں ہونے والے ورکرز کنونشن میں کیا جائے گا۔پارٹی رہنما چودھری محمد سرور کے مطابق ممکنہ حکومتی مزاحمت اور رکاوٹوں سے نمٹنے کے لئے ٹیمیں بھی تشکیل دےد ی گئی ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ تحریک انصاف حکومت کو ٹف ٹائم دینا چاہتی ہے تاہم اندرونی انتشار کے باعث کپتان کو شدید مشکلات کا سامنا بھی ہے۔ تحریک انصاف کے ذیلی ونگز کے خاتمے پر عہدیدار مرکزی قیادت سے ناراض ہیں،ا س حوالے سے ہفتے کے روز عمران خان سے ہونے والی ملاقات بھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکی۔پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل سیف اللہ نیازی کے استعفے کے بعد صورتحال خاصی مشکل ہوگئی ہے جبکہ اسلام آباد دھرنوں میں تحریک انصاف کا ساتھ دینے والے عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کی بیرون ملک موجودگی بھی نتائج پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔ایسے میں مارچ کو کامیاب بنانا پی ٹی آئی قیادت کا بڑا امتحان بن گیا ہے۔
بشکریہ پاکستان