سری نگر میں بھارتی فوج پر حملہ17اہلکار ہلاک،20زخمی، کئی بارکیں جل گئیں،4حملہ آور مارے گئے،بھارتی میڈیا کا دعویٰ
سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک) سری نگر میں بھارتی آرمی کے ہیڈ کوارٹرز پر حملے میں سترہ فوجی ہلاک ہوگئے، حملہ آوروں اور بھارتی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ تفصیلات کے مطابق، سری نگر کے قریب بارہ مولہ کے علاقے اڑی آرمی کےبارہ بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز پر حملہ صبح پانچ بجے ہوا ۔ بھارتی میڈیا نے اپنے فوجی ذرائع کے حوالے سے متعدد اہلکاروں کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جبکہ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کم از کم سترہ فوجی مارے گئے جبکہ بیس سے زیادہ زخمی بھی ہوئے ہیں،حملہ آوروں اورفورسز کے درمیان شدید لڑائی بھی ہوئی جبکہ پورا علاقہ فائرنگ اور دھماکوں سےگونجتا رہا۔دھماکوں کے باعث کئی بارکوں میں آگ بھی لگ گئی جبکہ ہر طرف دھوئیں کےبادل دکھائی دیئے ۔حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔صورتحال کے پیش نظر بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اپنا امریکہ اور روس کا دورہ بھی ملتوی کردیا ہے ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد چار تھی جنہیں ہلاک کردیا گیا ہے ۔دوسری طرف بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر آج سرینگر کا دورہ کرینگے۔بھارتی آرمی چیف بھی سری نگر روانہ ہوگئے ہیں۔