سام سنگ کیلئے سب سے بری خبر آگئی، نوٹ 7 کے بعد گلیکسی سیریز کا معروف ترین ماڈل بھی صارفین کے ہاتھوں میں پھٹنے لگا، ایسا واقعہ کہ دنیا میں ہنگامہ برپاہوگیا
لندن (نیوز ڈیسک) کہیں آپ بھی سام سنگ کمپنی کے مشہور سمارٹ فون گلیکسی 7 کے مالک تو نہیں ہیں؟ اگر ایسا ہے تو بہت محتاط ہو جائیے کیونکہ کچھ بعید نہیں کہ آپ کا فون بھی آپ کے ہاتھوں میں ہی پھٹ جائے۔ اس سے پہلے نوٹ 7 کے بارے میں تشویشناک خبریں آ رہی تھیں اور اب گلیکسی 7 کے پھٹنے کی خبروں نے صارفین کو پریشان کر دیا ہے۔
میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق برطانوی خاتون سارہ کراکٹ ایک ریسٹورنٹ میں بیٹھی اپنا گلیکسی 7 فون استعمال کررہی تھیں کہ یہ اچانک شدید گرم ہوگیا اور چند لمحے بعد پھٹ گیا۔ 30 سالہ سارہ کراکٹ نے اخبار دی سن سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا موبائل فون تیزی سے گرم ہونا شروع ہوگیا اور کچھ ہی لمحوں میں یہ اتنا گرم ہوچکا تھا کہ وہ اسے نیچے پھینکنے پر مجبورہوگئیں۔ پھر چند سیکنڈ بعد یہ پھٹ گیا اور ریسٹورنٹ میں ہر طرف دھواں اور کیمیکل کی شدید بو پھیل گئی۔ سارہ نے بتایا کہ جب اس میں لگی آگ پر قابو پانے کے بعد ایک ملازم نے اسے اٹھایا تو اس کی دھاتی باڈی پگھل چکی تھی۔
وہ کہتی ہیں کہ موبائل فون کے پھٹنے کا منظر اس قدر خوفناک تھا کہ تمام کسٹمر انتہائی تیزی کے ساتھ ریسٹورنٹ سے باہر کی جانب بھاگ کھڑے ہوئے۔ وہ کہتی ہیں کہ یہ تصور کرکے وہ کانپ اٹھتی ہیں کہ اگر یہ موبائل فون ان کے چار سالہ بیٹے کے ہاتھ میں ہوتا یا اس کے پھٹنے کے وقت وہ ڈرائیونگ کررہی ہوتیں تو کیا نتیجہ ہوتا۔ سارہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے موبائل فون کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو بھی موبائل فون کمپنی کو بھیج دی ہیں تاکہ معاملے کی تحقیقات کی جائیں، مگر تا حال کوئی خاطر خواہ ردعمل نہیں ملا۔
بشکریہ پاکستان