انٹرنیشنل

کرسمس و سال نو کی آمد، امریکا اور یورپ میں سیکورٹی الرٹ

کرسمس تقریبات اور نئے سال کی آمد کے موقع پر امریکا اور برطانیہ سمیت یورپ بھر میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
نیویارک سٹی میں سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے خصوصی دستے بھی تعینات کیے گئے، جبکہ دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔
امریکی ہوم لینڈ سیکورٹی ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ کرسمس کے موقع پر دہشت گردی کا کوئی الرٹ جاری نہیں کیا گیا تاہم عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ اس موقع پر الرٹ رہیں۔
برطانیہ میں دہشت گردی کے انتہائی خطرے کے پیشِ نظر کرسمس پر 8 شہروں کو حساس قرار دے دیا گیاہے،خفیہ اداروں کے اہلکار اور مسلح پولیس کے دستے 24 گھنٹے گشت کریں گےتاہم حساس مقامات پر بیریئرز اور چیک پوائنٹس قائم کی گئی ہیں۔
فرانس میں کرسمس اور نئے سال کی آمد کے موقع پر ملک بھر میں ایمرجنسی کا نفاذ کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف شہروں اور حساس عوامی مقامات، شاپنگ سینٹرز، چرچ اور ٹرانسپورٹ اڈوں پر97 ہزار پولیس اور ملٹری اہلکار تعینات کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جرمنی میں کرسمس کے موقع پر تمام شاپنگ سینٹرز کے باہر خصوصی بیریئرز نصب کیے گئے ہیں جبکہ سیکورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری بھی تعینات ہے۔
اٹلی میں بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایئرپورٹس، ریلوے اسٹیشنز، ہائی ویز اور دیگر عوامی مقامات کو محفوظ بنانے کی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ حساس مقامات اور سفارت خانوں کی حفاظت کے لیے7 ہزار سے زائد ملٹری اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
آسٹریا میں مختلف شاپنگ سینٹرز اور حساس مقامات پر بیریئرز لگا کر محفوظ بنایا گیا ہے جبکہ پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد بھی تعینات کی گئی ہے۔
مصر میںبھی کرسمس کے موقع پر سیکورٹی کو انتہائی الرٹ رکھا گیا ہے اور تمام گرجاگھروں اور دیگر سرکاری عمارات کے اطراف سیکورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button