ہائے ظالماں ساڈا پیسہ لوٹا دیے
کوکاکولا کا گانا ’ظالما کوکاکولا پلا دے‘ اس قدر مقبول ہوا ہے کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں نے اس گانے کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنا شروع کردیا۔
حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اپنے فیس بک پیج پر ایک گانے کی ویڈیو شیئر کی جس میں کوکاکولا کے اس گانے کی نقل کی گئی ہے تاہم اس کے الفاظ تبدیل کردیے گئے۔
اس تنقیدی گانے ’ظالما ساڈا پیسا لوٹا دے‘ کو گلوکار ابرار الحق نے گایا ہے جو خود پاکستان تحریک انصاف کے سرگرم ممبر بھی ہیں۔
اس گانے میں پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور دونوں بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ کچھ پانچ ماہ قبل وزیر اعظم نواز شریف کا نام پاناما لیکس میں آیا تھا جس میں اس بات کا انکشاف ہوا تھا کہ ان کی بیٹی مریم نواز اور بیٹوں حسن اور حسین نواز کی آف شور کمپنیاں ہیں جس کا ذکر اس گانے میں ’پاناما والا پیسا لوٹا دے‘ کرکے کیا گیا۔