ان کیمرا بریفنگ،باتیں لیک کیوں ہوئی ؟چیرمین سینیٹ ناراض
اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن) سینیٹ میں ان کیمرہ ہول کمیٹی اجلاس کی کارروائی پبلک ہونے پر چیرمین سینیٹ رضاربانی ناراض ہو گئے ،ایوان بالا نے معاملہ ہاوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کو بھجوانے کا اعلان کر دیا۔
ان کیمرہ ہول کمیٹی اجلاس کی کارروائی پبلک ہونے پر چیئرمین سینیٹ نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا کہ اِن کیمرہ اجلاس کی باتیں باہر نہ جائیں، باتیں باہر جانے سے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ ارکان خاص کر ایک رکن نے تمام باتیں پبلک کر دیں، اس سے تو اچھا تھا کہ میڈیا کو براہ راست کوریج کی اجازت دے دیتے، آئندہ کون سا ادارہ یا شخص ان کیمرہ بریفنگ دینے پر تیار ہو گا؟چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ اس طرح تو ان کیمرہ اجلاس بے سود ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ سینیٹ کی ہاوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کو بھجوا رہا ہوں، کمیٹی مستقبل میں ایسے معاملات کو روکنے کی بھی تجاویز دے گی، آئندہ ان کیمرہ اجلاس پر بات برادشت نہیں کروں گا۔ رضا ربانی نے مزید کہا کہ میڈیا کا کام خبر دینا ہے، اکثر سینیٹرز نے میڈیا سے بات نہیں کی، ہم میڈیا کو کنٹرول نہیں کر سکتے، پریس کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں، بنیادی ذمہ داری سینیٹرز کی ہے۔اجلاس کے دوران سینیٹر نعمان وزیر نے اعترا ض کیا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کی، جس پر رضا ربانی نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ان کیمرہ اجلاس کی تفصیل نہیں بتائی عمومی بات کی۔حافظ حمد اللہ نے کہا کہ ایوان میں ہونے والی بات امانت تھی بہت سے ارکان نے خیانت کی، آئندہ کوئی ادارہ ایوان پر اعتماد نہیں کرے گا اور نہ کھل کر بات کرے گا۔