برطانیہ میں امریکی ایئربیس پر حملہ، ملزم گرفتار
لندن: برطانیہ میں سیکیورٹی فورسز نے امریکی فضائی اڈے پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک مبینہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ سفک میں واقع ملڈن ہائی ائیر بیس پر پیش آیا جہاں مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کے قریب ایک شخص نے بہت تیزی سے اپنی گاڑی ایئربیس کے مرکزی دروازے سے ٹکرانے کی کوشش کی اور اس نے اندر گھسنا بھی چاہا۔
واقعے کے کچھ دیر بعد مقامی پولیس نے ٹوئٹر پر کہا کہ عسکری فضائی اڈے پر سیکیورٹی الرٹ ہے اور رائل ایئرفورس کے ملڈن ہال کو کچھ دیر کے لیے بند کردیا گیا ہے، پولیس نے مزید کہا کہ اس ضمن میں ایک شخص کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اطراف کے رہائشیوں نے فائرنگ کی آوازیں بھی سنی ہیں اورپولیس کے مطابق کار سوار نے فضائی اڈے میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی تاہم اس ضمن میں پولیس نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
واقعے کے بعد وزارتِ دفاع کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سفک میں ملڈن ہال فضائی اڈے پر ہونے والے واقعے سے آگاہ ہیں کچھ دیر کے لیے فضائی اڈے کو بند رکھا گیا لیکن 3 بجے اسے دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔