اسلامی عسکری اتحاد اپنا ایجنڈہ واضح کرے، مسلم ممالک باہمی اختلافات ختم کرکے مشترکہ کرنسی رائج کریں: سراج الحق
17 دسمبر 2017
کراچی (نیوز وی او سئ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے قبلہ اول القدس کی آزادی کی جدوجہد ایک مقدس جہاد ہے ،۔ امریکہ کے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قراردینے کے فیصلے کو واپس لینے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ اسلامی ممالک امریکی فیصلے کی واپسی تک امریکہ سے اپنے سفیر واپس بلالیں ، عالم اسلام کے حکمران امریکہ کے خلاف جرات مندانہ مﺅقف اختیار کرتے ہوئے مسلم عوام کے جذبات کی ترجمانی کریںاور اسلامی فوجی اتحاد مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے واضح طور پر اپنے ایجنڈے کا اعلا ن کرے اور عالمی مالیاتی اداروں کا مقابلہ کرنے اور معاشی ترقی کے کے لئے مسلم ممالک اپنے اختلافات کوختم کرکے مشترکہ کرنسی رائج کریں
جماعت اسلامی کراچی کے تحت حسن اسکوائر ، مین یونیورسٹی روڈپر ہونے والے ”ملین مارچ“ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق کا کہنا تھا کہ آج کے عظیم الشان ملین مارچ کا اعلان ہے کہ ہم اس مقدس جہاد میں فلسطینی مسلمان کے ساتھ ہیں حکمران خواہ سوتے رہیں مسلم عوام اور نوجوان زندہ اور بیدارہیں ، بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت کسی صورت میں تسلیم نہیں کیا جائے گا۔بیت المقدس کبھی بھی اسرائیلی دارالحکومت نہیں بن سکتا، امت مسلمہ کی مسلک، رنگ ونسل کی بنیاد پر تقسیم دشمن کی سازش ہے، القدس ملین مارچ کی کامیابی پر کراچی کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔امیر جماعت اسلامی کا مزیدکہنا تھا کہ کوئٹہ میں چرچ پر حملے کی پر زور مذمت کرتا ہوں، جانتا ہوں کہ ان حملوں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، بھارت اور اسرائیل مل کر پاکستان مخالف کام کررہے ہیں، تمام سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔ اہل کراچی سے درخواست ہے جب تک کشمیرآزاد نہ ہوجاگتے رہنا، پاکستان میں اسلامی نظام کے قیام تک قوم جاگتی رہے۔ خوشخبری دیتا ہوں 2018 بیت المقدس کی آزادی، کشمیر کی آزادی اور پاکستان میں اسلامی انقلاب کا سال ہے۔
سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ فلسطین کے ساتھ تعلق ایمان کا حصہ ہے، فلسطین پر قبضہ کرنے کا خواب پورا نہیں ہونے دیں گے، فلسطین مقدس شہر ہے اس کی حفاظت ہمارا فریضہ ہے اسلامی فوج بیت المقدس بچانے کے لئے آگے بڑھے، ہم دنیا بھر کے حکمرانوں کو جگانے کی تحریک لے کر اٹھے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ اور اس کے حواریوں کے لئے ہمارا پیغام ہے کہ ہم تمہارے فیصلے کو نہیں مانتے، بیت المقدس کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ملین مارچ کا آغاز نیپا چورنگی سے ہوا اور شرکاءنے حسن اسکوائر تک مارچ کیا۔ مارچ میں خواتین ،بچوں، بزرگوں ، نوجوانوں ، مزدوروں ، تاجروں ،علمائے کرام ،طلباء، صحافیوں ، وکلاءبرادری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد ، اقلیتی برادری ، سیاسی ومذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت کراچی کے لاکھوں افراد نے شرکت کی اور امریکہ واسرائیل کی مذمت اور فلسطینی مسلمانوں کی جدوجہد کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔مارچ سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ،ملی مسلم لیگ کے نائب صدر ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی،مجلس علماءشیعہ کے رہنما علامہ مرزا یوسف ،سابق سٹی نائب ناظم کراچی طارق حسن، جماعت اسلامی کراچی منارٹی ونگ کے صدر یونس سوہن ،مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنما مولانا اعجاز مصطفی اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔