جنسی ہراسانی کا الزام؛ امریکی رکن پارلیمنٹ نے خودکشی کرلی
واشنگٹن: ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے امریکی رکن پارلیمنٹ ڈین جونسن نے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا میں ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایوان نمائندگان کے رکن ڈین جونسن نے گزشتہ شب خود کو گولی مارکر خودکشی کرلی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق کینٹکی کی نمائندگی کرنے والے 57 سالہ جونسن پر کینٹکی تحقیقاتی کمیٹی نے 3 روز قبل الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے 2012ء میں اپنی بیٹی کی 17 سالہ دوست ماراندا ریچمونڈ کو جنسی حملے کا نشانہ بنایا تھا، اس الزام کے نتیجے میں کانگریس میں ریپبلکن اور ڈیموکریٹک رہنماؤں نے جانسن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا تاہم ڈین جونسن نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ڈیمو کریٹس کی جانب سے صرف اُن کی ساکھ بدنام کرنے کی سازش ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات جونسن ماؤنٹ واشنگٹن برج کے قریب اپنے گاڑی پر سوار کہیں جارہے تھے کہ اچانک گاڑی روک کر پیدل چلنا شروع کردیا اور پل کے پاس پہنچتے ہی خود کو گولی مارلی۔