ایڈیٹرکاانتخاب

طیب اردوان نےپورے عالم اسلام کی ترجمانی کی، شہباز شریف

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نےکہا ہے کہ بیت المقدس کے مسئلے پر طیب اردوان نے پورے عالم اسلام کی ترجمانی کی،مقبوضہ بیت المقدس کواسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا امریکی فیصلہ مشرق وسطیٰ میں امن کوسبوتاژ کرسکتا ہے ،پاکستانی عوام ترکی اور ترک عوام پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، دونوںممالک کے مابین بڑھتا ہوا معاشی تعاون دوستی کو مستحکم کررہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارترکی میں استنبول کے میئر میلوت یوسال (Mr. Mevlut Uysal) اور او آئی سی کے اجلاس کے موقع پرترک صدر طیب اردوان اورفلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ ملاقات کے موقع پر کیا۔ استنبول کے میئر میلوت یوسال سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پنجاب حکومت اوراستنبول کے مابین مختلف شعبوں خصوصاً شہری سہولتوں میں بہتری کیلئے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے مضبوط اور موثر موقف اپنانے پر ترک قیادت کی تعریف کی اورکہاکہ ایسا موقف اپنا کر ترک قیادت نے امت مسلمہ کی بھرپور ترجمانی کی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی موجودہ حکومت کے دور میں دونوں ملکوں کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات مفید معاشی روابط میں ڈھل چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے دور میں ترکی نے بے پناہ ترقی کی ہے اورترک عوام اپنے قائدرجب طیب اردوان سے والہانہ محبت کرتے ہیں ۔- میئراستنبول نے شہبازشریف سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھائیں گے اورشہری سہولتوں کی بہتری کیلئے بھی تعاون کو جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کے فلاح عامہ کے کام ایک رول ماڈل بن چکے ہیں اور جس تیز رفتاری سے آپ نے منصوبوں کو مقررہ مدت سے بھی قبل مکمل کیا ہے وہ ایک مثال بن چکا ہے۔ میئر استنبول نے کہا کہ پنجاب کو ترقی یافتہ اورخوشحال صوبہ بنانے کیلئے ہم اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے- شہباز شریف نے اسلامی سربراہی کانفرنس کے اجلاس میں خصوصی طو رپر شرکت کی ،کانفرنس میں شرکت کیلئے پہنچے تو ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے ان کا پرجوش استقبال کیا اور ان کیلئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ شہبازشریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے مابین ملاقات بھی ہوئی-وزیراعلیٰ کی اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر فلسطین کے صدر محمود عباس سے بھی ملاقات ہوئی ۔ شہبازشریف نے کہاکہ یہ وقت امت مسلمہ کے اتحاداوراتفاق کا ہے ۔امریکہ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے پر پاکستانی عوام سمیت دنیا بھر میں شدید غم و غصہ پایاجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے اس اقدام نے پرانے زخموں کو تازہ کر دیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button