اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈار اشتہاری قرار،ٹرائل جاری رکھنے کا حکم
اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن)احتساب عدالت نے اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ضمانتی کو 50 لاکھ روپے کے زر ضمانت جمع کرانے کا حکم دے دیا،عدالت نے کہا ہے کہ ملزم اسحاق ڈار جان بوجھ کر فرار ہیں،ان کی غیر موجودگی ٹرائل جاری رہے گااورگواہوں کے بیانات ریکارڈ کئے جائیں گے ،ملزم کے مفرور ہونے پر گواہوں پر جرح بھی نہیں ہو گی،اگر ضمانتی نے زرضمانت جمع نہ کرائی تو ان کی جائیداد بحق سرکار ضبط کر لی جائے گی ،عدالت نے سماعت 14 دسمبر تک ملتوی کر دی،تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف احتساب عدالت میں اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی،کیس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی ۔
دوران سماعت نیب نے اسحاق ڈار کو اشتہاری قراردینے کی استدعا کی جس کی وکیل صفائی نے مخالفت کرتے ہوئے اسحاق ڈار کی نئی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ،وکیل صفائی کا کہناتھا کہ اسحاق ڈار کے مزیدمیڈیکل ٹیسٹ ضروری ہیں،اسحاق ڈارکی ایم آرآئی کاانتظارتھا،سینے میں اب بھی تکلیف ہے،انہوں نے کہاکہ دل کی شریان میں بھی معمولی مسئلہ ہے،مزیدٹیسٹ ہوں گے،نیب نے ابھی تک تصدیق نہیں کرائی،وارنٹ کی تعمیل لاہورکے پتے پرکی گئی،اسحاق ڈارتووہاں رہتے ہی نہیں۔
سپیشل پراسیکیوٹرنیب کا کہنا تھا کہ ملزم کوعدالتی کارروائی کاعلم ہے،وارنٹ لندن بھجوانے کی ضرورت نہیں،ہرمیڈیکل رپورٹ دوسری سے مختلف ہے،اسحاق ڈارکودل کی کوئی تکلیف نہیں۔
عدالت نے اسحاق ڈارکواشتہاری قراردینے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اشتہاری قراردے دیا اورضمانتی کو مزید 50 لاکھ روپے کے زرضمانت جمع کرانے کا حکم دے دیا،عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ملزم اسحاق ڈار جان بوجھ کر فرار ہیں،ان کی غیر موجودگی میں ٹرائل جاری رہے گا اور گواہوں کے بیانات ریکارڈ کئے جائیں ،اگر ضمانتی نے زرضمانت جمع نہ کرائی تو ان کی جائیداد بحق سرکار ضبط کر لی جائے گی ۔